پشاور: پاکستان تحریک انصاف پشاور ریجن کے صدر اور رکن قومی اسمبلی محمد عاطف خان نے تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) مردان کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات میں تاخیر پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
عاطف خان نے خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری کو تحریری درخواست میں بتایا کہ مسجد سولرائزیشن اور دیگر منصوبوں میں کرپشن کی شکایت ایک سال قبل درج کروائی گئی تھی، لیکن اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی۔
انہوں نے ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی، تحقیقات میں شفافیت، اور پیشگی ادائیگیاں کرنے والے ٹھیکیداروں سے فنڈز کی واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایک ماہ کے اندر اس مسئلے کا حل نہ نکلا تو وہ معاملہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے لے جائیں گے اور اسے قومی سطح پر اٹھائیں گے۔عاطف خان کی شکایت کے بعد ٹی ایم اے مردان کے ایک ایگزیکٹو کو مبینہ طور پر معطل کیا گیا ہے، جو اس معاملے پر ابتدائی ردعمل سمجھا جا رہا ہے۔
ایم این اے نے نامکمل پراجیکٹس میں غیرمعیاری کام کی انکوائری کا بھی مطالبہ کیا اور انتظامیہ سے کہا ہے کہ یا تو غلط استعمال شدہ فنڈز کی واپسی کو یقینی بنایا جائے یا منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہستان کرپشن اسکینڈل،پی اے سی کا اکاؤنٹنٹ جنرل کے تبادلے پر شدید اظہارِ برہمی،اہم خبر آگئی
انہوں نے کہا کہ احتساب میں تاخیر سے مقامی عوام میں مایوسی پھیلی ہے جو طویل عرصے سے ترقیاتی کاموں کے منتظر ہیں۔





