خیبر پختونخوا حکومت نے معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی مالی کفالت کے لیے ایک بڑا اور قابلِ تحسین قدم اٹھا لیا۔
تفصیلات کے مطابق یتیم بچوں اور بیواؤں کی مالی معاونت کے لیے ’’روشن مستقبل کارڈ‘‘ اور ’’سہارا کارڈ‘‘ کے باضابطہ اجراء کا آغاز کر دیا گیا۔اس سلسلے میں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں انہوں نے یتیم بچوں اور بیواؤں کے درمیان کارڈز تقسیم کیے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کارڈز صرف مالی امداد نہیں بلکہ ایک باوقار زندگی کی طرف پہلا قدم ہیں۔ حکومت کا عزم ہے کہ معاشرے کے محروم طبقات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
روشن مستقبل کارڈ کے تحت 5 سے 16 سال کی عمر کے یتیم بچوں کو ہر ماہ 5 ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ اس پروگرام سے ابتدائی طور پر 9 ہزار یتیم بچے مستفید ہوں گے۔
اسی طرح، سہارا کارڈ کے ذریعے 45 سال اور اس سے زائد عمر کی بیواؤں کو بھی ماہانہ 5 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ اس فیز میں 15 ہزار بیوائیں مالی معاونت حاصل کریں گی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یہ اقدامات صوبائی حکومت کی فلاحی پالیسیوں کا واضح ثبوت ہیں اور مستقبل میں اس پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی۔
یہ اقدام خیبرپختونخوا میں سوشل ویلفیئر کے شعبے میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جو نہ صرف مستحق افراد کی مدد کرے گا بلکہ ان کے لیے ایک باعزت زندگی کی راہ بھی ہموار کرے گا۔





