بارش نے پشاور کی حکومتی کارکردگی کا پول کھول دیا، سیاسی رواداری بھی زوال پذیر، ساجد ٹکر

پشاور: سینئر صحافی ساجد ٹکر نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارش نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دن ہونے والی ایک گھنٹہ بارش سے پشاور کے پوش علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا، جس کے باعث عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اگر صرف ایک گھنٹہ کی بارش سے شہر کا نظام زندگی مفلوج ہو جائے تو حکومت کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔

ساجد ٹکر نے کہا کہ یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ شہر کی نکاسی آب اور انفراسٹرکچر کے لیے کوئی مؤثر حکمت عملی موجود نہیں ہے۔ پشاور میں بارش کے بعد چلنا بھی مشکل ہو جاتا ہے، تو عوامی سہولت کہاں ہے؟انہوں نے سوال اٹھایا۔

سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ساجد ٹکر نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت کو سیاست کا حق حاصل ہے اور ہر جماعت کے جھنڈے کا احترام ضروری ہے۔

انہوں نے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے کا ذکر کیا، جس میں پیپلز پارٹی کے جھنڈے کو نذرِ آتش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ذمہ دار فرد نے معذرت کر لی، لیکن یہ سوچنے کی بات ہے کہ ہماری سیاست اس نہج تک کیسے پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھیں : پختونخوا کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں، باغات اور فصلوں کو نقصان، بجلی کی فراہمی معطل

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایسی روش برقرار رہی تو کل کو دیگر جماعتیں بھی ایک دوسرے کے کیمپ اور جھنڈے جلانا شروع کر دیں گی، جس سے ملک میں سیاسی عدم برداشت اور انتشار مزید بڑھے گا۔

ساجد ٹکر نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ اپنے کارکنان کو رواداری اور تحمل کا درس دیں، تاکہ جمہوری اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔

Scroll to Top