اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدید لہر برقرار رہی، خاص طور پر میدانی علاقوں میں سورج آگ برساتا رہا۔ اندرونِ سندھ اور جنوبی پنجاب کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت خطرناک حدوں کو چھونے لگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دادو میں پارہ 49 ڈگری تک جا پہنچا، جب کہ جیکب آباد، تربت اور سبی میں 47 ڈگری، حیدرآباد میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی شدید گرمی کا راج رہا، ملتان اور لاہور میں درجہ حرارت 41 ڈگری، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی، پشاور اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی جہاں درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچا، جبکہ راولپنڈی اور کوئٹہ میں نسبتاً کم یعنی 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بالائی خیبرپختونخوا، مشرقی بلوچستان، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش سے موسم جزوی طور پر بہتر رہا، تاہم مجموعی طور پر ملک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور پارٹی سرگرمیوں سے غیر حاضر، صرف ٹک ٹاک تک محدود، ثمر ہارون بلور
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دن کے اوقات میں غیر ضروری دھوپ سے بچنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔





