پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما سردار حسین بابک نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ بغیر کسی منصوبہ بندی کے بنایا گیا، جس کا مقصد کرپشن تھا نہ کہ عوامی فلاح۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بین الاقوامی شاہراہ تھی اور پشاور کا بزنس حب، جسے بی آر ٹی منصوبے کے ذریعے تباہ کیا گیا۔
سردار حسین بابک نے مزید کہا کہ بی آر ٹی کی وجہ سے پشاور کی ٹریفک اور نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اب صورتحال یہ ہے کہ معمولی بارش سے شہر میں پانی بھر جاتا ہے، اور شہریوں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہ منصوبہ صرف کرپشن کے لیے بنایا گیا، جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں بلکہ پشاور کی شناخت بھی خطرے میں پڑ گئی۔
گفتگو کے دوران انہوں نے پی ٹی آئی کے پرچم جلانے کے واقعے کو بھی غلط اقدام قرار دیا اور کہا کہ غیر سیاسی رویے معاشرے میں اشتعال پیدا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور کے ساتھ واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے اور نفرت انگیز زبان سے گریز کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : بارش کے بعد شہری بے یارو مددگار، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں
جب لیڈران سٹیج پر دوسروں کو گالیاں دیتے ہیں تو عوام بھی مشتعل ہو کر ڈنڈے اٹھا لیتے ہیں، انہوں نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ ایسے رویوں کی حوصلہ شکنی کریں اور سیاست کو مسائل کے حل کا ذریعہ بنائیں، نہ کہ نفرت اور تقسیم کا۔





