پاکستانی وفد آج امریکا میں بھارت کا چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے اہم ملاقاتیں شروع کرے گا

نیویارک: بھارت کی جانب سے شہریوں کی ہلاکتوں اور آبی جارحیت کے خلاف پاکستان کا 9 رکنی وفد آج سے اقوام متحدہ میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرے گا۔

اس وفد کی قیادت پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کر رہے ہیں۔ وفد میں پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان سمیت دیگر سات اراکین شامل ہیں۔

وفد کی سب سے اہم ملاقات اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کونگ سے ہوگی، جہاں پاکستان بھارت کی جانب سے جنگ بندی کے باوجود جاری اشتعال انگیزیوں کے خلاف اپنا مؤقف پیش کرے گا۔ وفد زور دے گا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع مذاکرات جلد بحال کیے جائیں اور مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کیا جائے۔

پاکستان اور چین کی دوستی عالمی سطح پر مستحکم ہے، خاص طور پر حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستانی فضائیہ نے چین کے تیار کردہ لڑاکا طیاروں کے ذریعے بھارت کو بھرپور جواب دیا ہے۔ چین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور جنگ بندی کے دوران تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

وفد روس کے سفیر وسیلے نبنزیا سے بھی ملاقات کرے گا، جہاں پاکستان بھارت کشیدگی کے پرامن حل پر زور دے گا۔ روس نے بھی اس تنازعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

پاکستانی وفد تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کے سفیروں سے بھی ملاقات کرے گا، جو بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کر چکی ہے۔ او آئی سی نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقوق کا احترام کرنے پر زور دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور میں مائنارٹی یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، نوجوانوں کی بھرپور شرکت

پاکستانی وفد کے اقوام متحدہ میں یہ دورہ اس وقت ہو رہا ہے جب عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر متحرک ہو رہی ہے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں زور پکڑ رہی ہیں۔ بلاول بھٹو اور دیگر ارکان اس موقع پر بھارت کی جارحیت کے خلاف مضبوط موقف اختیار کریں گے اور عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کریں گے۔

Scroll to Top