ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ نے تحریک انصاف کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے سڑکوں پر آنے کی کوشش کی تو اس کے نتائج کی ذمہ داری خود پی ٹی آئی پر عائد ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ کیا ایسی کسی بھی تحریک کا نقصان پارٹی کو خود ہی اٹھانا پڑے گا۔ ’’پی ٹی آئی کو اپنی صلاحیت کا اندازہ نہیں، یہ جماعت جس راستے پر گامزن ہے، وہ اسے مزید مشکلات کی طرف لے جائے گا۔‘‘ انہوں نے یاد دلایا کہ ’’گزشتہ سال 24 نومبر کی تاریخ دی گئی تھی، لیکن وہ صرف اعلان ہی رہا، کوئی تیاری یا عمل نہ ہوا۔ اب 10 مئی گزر چکا ہے، اور آئندہ دو سال بھی یونہی گزر جائیں گے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک کی کال دے کر پی ٹی آئی اپنے کارکنان کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔ ’’ایسے حالات میں جب کچھ لوگ قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں گے، تو ریاست انہیں دھر لے گی۔‘‘
رانا ثناءاللہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بات چیت کی پیشکش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے یہ پیشکش مشاورت کے بعد دی ہے اور ان کا موقف واضح ہے کہ تمام جماعتیں بیٹھ کر ملکی مسائل پر بات کریں۔
عدلیہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تمام فیصلے آئین اور قانون کے مطابق کیے ہیں۔’’اگر پی ٹی آئی نے عدلیہ کے ساتھ محاذ آرائی نہ کی ہوتی اور قاضی فائز عیسیٰ سے بہتر رویہ اختیار کیا ہوتا تو شاید اسے ریلیف بھی مل جاتا۔‘‘
انہوں نے زور دیا کہ عدالتوں کو ہر قسم کے دباؤ سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنے چاہئیں، اور قاضی فائز عیسیٰ نے بادی النظر میں یہی رویہ اپنایا ہے۔ ’’بدقسمتی سے ماضی میں عدالتی فیصلوں میں بعض شخصیات اس اعلیٰ معیار پر پورا نہیں اُتریں۔‘‘





