پی پی 52سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مارلیا

پی پی 52سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ نے میدان مارلیا

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے میدان مار لیا۔

تفصیلات کے مطابق غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ نے 78,419 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جب کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار فاخر نشاط گھمن 40,037 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

سمبڑیال میں واقع اس حلقے میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔ پورے دن کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر گہماگہمی دیکھی گئی، تاہم بعض مقامات پر سیاسی کارکنوں کے درمیان جھگڑے اور نعرے بازی کے واقعات بھی پیش آئے۔ کچھ جماعتوں نے انتخابی عمل میں مبینہ دھاندلی کے الزامات بھی عائد کیے۔

کامیابی کے بعدنجی ٹی وی چینل( جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے حنا ارشد وڑائچ نے کہا کہ عوام نے انہیں سیاست نہیں بلکہ خدمت کے لیے منتخب کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اعتماد کی مرہونِ منت ہیں، جن کی رہنمائی اور قیادت کی بدولت وہ اس مقام تک پہنچی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حنا ارشد وڑائچ کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ سمبڑیال کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، مسلم لیگ (ن) اس پر پورا اترے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ’’عوام اب جان چکے ہیں کہ خدمت کون کرتا ہے اور کون فتنہ و فساد پھیلاتا ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔‘‘

پی پی 52 کے ضمنی انتخاب میں 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جہاں ووٹنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن مگر جزوی طور پر ہنگامہ خیز رہا۔

Scroll to Top