خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے غنڈی میں پانی کے تنازع پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دو گروپوں کے درمیان پانی کی تقسیم پر تنازع شدت اختیار کرگیا، جو بعدازاں فائرنگ کی صورت میں سامنے آیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ علاقے میں کشیدگی کے باعث پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ مقتولین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ غمزدہ خاندانوں اور مقامی لوگوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔





