عوامی نیشنل پارٹی کاملکی حالات کے پیش نظر عیدالاضحیٰ سادگی سے منانے کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین سے مشاورت کے بعد اعلان کیا ہے کہ اے این پی امسال بھی عیدالاضحیٰ سادگی سے منائے گی۔

یہ فیصلہ ملک میں جاری امن و امان کے مخدوش صورتحال، معاشی بدحالی، مہنگائی اور عوامی مشکلات کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ عوام کے ساتھ عملی یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں ایمل ولی خان نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان پر زور دیا ہے کہ وہ عید کے موقع پر اپنے علاقوں میں مستحقین، غرباء، مساکین اور نادار طبقے کا خصوصی خیال رکھیں، تاکہ وہ بھی خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی خوشی تبھی ممکن ہے جب ہم دوسروں کی ضرورتوں کا احساس کریں اور ان کی مدد کو اپنا فرض سمجھیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم دوروزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ، عید کہاں منائیں گے ؟جانئے

ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات روایتی اور بڑے اجتماعات کے متحمل نہیں، اس لیے عوامی نیشنل پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بڑے اجتماعات سے گریز کیا جائے۔ اسی تناظر میں ولی باغ چارسدہ میں بھی عید کے موقع پر نہ کوئی روایتی اجتماع ہوگا اور نہ ہی عید ملن تقریب منعقد کی جائے گی۔

Scroll to Top