ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلاء مکمل، مزید اقدامات جاری

ایران سے 450 پاکستانی زائرین کا انخلاء مکمل، مزید اقدامات جاری

خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومتِ پاکستان نے ایران میں پھنسے پاکستانی زائرین اور طلبہ کے انخلاء کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایکس پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریاست نے شہریوں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایران سے 450 پاکستانی زائرین کے انخلاء کو مکمل کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران میں مقیم پاکستانی طلبہ کے محفوظ انخلاء کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں،عراق میں پاکستانی سفارتخانہ مسلسل زائرین سے رابطے میں ہے۔

دفتر خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

ایران میں تعینات پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو کا کہنا ہے کہ اس وقت ایران میں تقریباً 30 سے 40 ہزار پاکستانی موجود ہیں، جن میں ساڑھے چار ہزار زائرین شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 450 زائرین کو تافتان بارڈر کے ذریعے واپس بھیجا گیا ہے جبکہ مزید 155 طلبہ کو بھی بارڈر پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ ایران آنے والے پاکستانی زائرین موجودہ حالات کا بغور جائزہ لیں اور محتاط رویہ اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کی ٹیکس فراڈ کی کوشش کو جرم قرار دینے کی تجویز، سینیٹ کمیٹی کی مخالفت

پاکستانی سفیر محمد مدثر ٹیپو نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں اور دونوں ممالک مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Scroll to Top