پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ قلب منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ قلب منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام میں دل کی صحت اور قلبی امراض سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے۔

ہر سال 29 ستمبر کو منائے جانے والے اس عالمی دن کا اہتمام عالمی ادارہ صحت، ورلڈ ہیلتھ فیڈریشن اور یونیسکو کے باہمی اشتراک سے کیا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق انسانی جسم میں دل انتہائی اہم عضو ہے اور اس کی مسلسل دھڑکن زندگی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

قلبی امراض دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں شامل ہیں اور ہر سال کروڑوں افراد دل سے متعلق بیماریوں کے باعث جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، کولیسٹرول، موٹاپا، تمباکو نوشی اور غیر صحت مند خوراک دل کے امراض کے خطرے میں اضافہ کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا بھر میں پہلی بار موٹے بچے کم وزن بچوں سے تعداد میں بڑھ گئے

ان کے مطابق متوازن اور صحت مند غذا کا استعمال، باقاعدہ ورزش، سگریٹ نوشی سے اجتناب اور بروقت طبی معائنہ قلبی بیماریوں کے خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ دل سے متعلق کسی بھی علامت کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر فوری طبی امداد حاصل کی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ دل کی بیماری بعض اوقات خاموش وار کر سکتی ہے، تاہم بروقت تشخیص اور طبی توجہ سے اس خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top