افغانستان کسی کو بھی اپنی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ کرنے دے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

جو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اسکی آنکھ نکال لیں گے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ن کہا ہے کہ جو کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھ نکال لی جائے گی جبکہ پاکستانی قوم متحد ہے اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا، ہم اب بھی الرٹ ہیں۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے کوئی حرکت کی تو اسے پہلے کی طرح جواب ملے گا، پاکستان کا ایٹمی پروگرام آئندہ نسلوں کی امانت ہے اور اس کے تحفظ کا فرض ہم سب مل کر نبھائیں گے۔

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایٹمی اور میزائل قوت سے نوازا ہے جو پاکستان کے دفاع اور خطے میں استحکام کے لیے ہے۔

اسحاق ڈار نے ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جرم ہے اور ایسی حرکتوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے بھارت کے بالادستی کے خواب کے دفن ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو تباہی کے بعد ہوش آیا اور اس نے جنگ بندی کے لیے امریکہ سے رابطہ کیا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نے اسرائیل پر ایٹمی حملے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا اور اس حوالے سے فیک نیوز پھیلائی گئیں جبکہ انہوں نے برطانوی اخبارات میں اس فیک نیوز کے شائع ہونے کی بھی نشاندہی کی۔

انہوں نے بتایا کہ 13 جون کے بعد سے کئی جعلی خبریں سامنے آئیں، جن میں نیتن یاہو کا 2011 کا انٹرویو شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کوئی مذاق نہیں اور نہ ہی یہ بچوں کا کھیل ہے بلکہ ایک سنجیدہ قسم کی جنگ ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بہت سی غلط اور گمراہ کن خبریں پھیل رہی ہیں اس لیے ہمیں احتیاط کرنی ہوگی اور فیک نیوز کے حوالے سے چیزوں کو واضح کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:نیشنز ہاکی کپ میں پاکستان کی جاپان کو 2-3 سے شکست

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی میٹنگ میں پاکستان نے اپنا کردار ادا کیا جس پر ایران نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

Scroll to Top