اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے کینیڈین ورک ویزا دلوانے کے نام پر شہری سے وصول کی گئی 7 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم برآمد کرلی۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق متاثرہ شہری نے ویزا فراہم کرنے کے نام پر رقم ہتھیانے کے خلاف ایجنسی میں شکایت درج کرائی تھی۔
شکایت میں بتایا گیا کہ ملزم نے شہری کو کینیڈا کا ورک ویزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی اور اس کے عوض رقم وصول کی، تاہم بعد ازاں نہ تو ویزا فراہم کیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور ہائیکورٹ کا جامعات میں انتظامی عہدوں پر اساتذہ کی تعیناتی سے متعلق اہم فیصلہ
ترجمان کے مطابق شکایت موصول ہونے پر ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے فوری قانونی کارروائی کی اور ملزم سے 7 لاکھ 60 ہزار روپے کی رقم برآمد کرلی۔
ایف آئی اے نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد برآمد کی گئی رقم شکایت کنندہ کے حوالے کردی، جس سے متاثرہ شہری کو رقم واپس مل گئی۔





