کوئی ایرانی عہدیدار وائٹ ہاؤس کے دروازے پر جا کر نہیں گڑگڑایا، ٹرمپ کے دعوے پر ایران کا ردعمل سامنے آگیا

نیویارک: ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایرانی حکام نے وائٹ ہاؤس آ کر ملاقات کی درخواست کی تھی۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئی ایرانی عہدیدار کبھی وائٹ ہاؤس کے دروازے پر جا کر نہیں گڑگڑایا۔

ایرانی مشن نے امریکی صدر کے بیان کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے جھوٹ سے زیادہ قابل نفرت چیز، ایران کے سپریم لیڈر کے قتل کی دھمکی ہے۔

ایرانی مشن کا مزید کہنا تھا کہ ایران دباؤ میں آ کر امن قبول نہیں کرتا، خاص طور پر ایسے شخص کے ساتھ جس کا رویہ جنگ پسند ہو اور جو صرف خود کو نمایاں کرنا چاہتا ہو۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے حالیہ کشیدگی کے دوران بات چیت کی خواہش ظاہر کی تھی اور یہاں تک کہا تھا کہ وہ وائٹ ہاؤس آنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کو اعزاز قرار دے دیا

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران حملوں سے پریشان ہے اور اب بات چیت کرنا چاہتا ہے، لیکن بہت دیر ہو چکی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایران نے اتنی ہلاکتوں اور تباہی سے پہلے مذاکرات کا راستہ کیوں نہیں اپنایا؟

Scroll to Top