بلاول بھٹو کا بجٹ پر مکمل اعتماد،معاشی استحکام کی راہ پر حکومت کا ساتھ دیں گے

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ 2025-26 کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی فلاح کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے حکومتی معاشی پالیسیوں کو سراہا اور انہیں مہنگائی پر قابو پانے اور معاشی استحکام کی جانب مؤثر قدم قرار دیا۔

پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ’’موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی میں ماضی کی طرح تیزی سے اضافہ نہیں ہو رہا، جبکہ معاشی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہم اس بجٹ کو عوام دوست سمجھتے ہیں اور پیپلز پارٹی اس کی بھرپور حمایت کرے گی۔‘‘

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’دنیا میں امن کی بات کریں گے تو کوئی انکار نہیں کرے گا، تاریخ وزیراعظم کی کوششوں کو یاد رکھے گی۔‘‘

خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت اگر دہشت گردی کے کسی واقعے کو جواز بنا کر جنگ کا راستہ اپناتا ہے، تو اس کے خطے پر خطرناک اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔’’ہمیں ایسی خارجہ پالیسی اپنانا ہوگی جو بھارت کو امن کی طرف لانے پر مجبور کرے، ورنہ پورا خطہ مسلسل کشیدگی میں رہے گا۔‘‘

چیئرمین پیپلز پارٹی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ پاکستان کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت کا مظہر ہے۔‘‘

آخر میں بلاول بھٹو نے زور دیا کہ مہنگائی اور غربت سے پسے عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور پیپلز پارٹی بجٹ کی حمایت صرف سیاسی نہیں بلکہ عوامی مفاد کی بنیاد پر کر رہی ہے۔

Scroll to Top