انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج کے دوران درج مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان پر آئندہ سماعت پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تھانہ مارگلہ میں درج دو مقدمات کی سماعت کی۔ ایک مقدمے میں عدالت نے چالان کی نقول ملزمان کو تقسیم کر دیں جبکہ دوسرے مقدمے میں ایک ملزم کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کی گئی۔
عدالت نے دونوں مقدمات پر مزید کارروائی 30 جون تک ملتوی کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان سردار محمد مصروف خان، زاہد بشیر ڈار اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج کے دوران مبینہ ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور دیگر الزامات کے تحت دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے تھے۔ کیس کی آئندہ سماعت میں ملزمان پر فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد باقاعدہ ٹرائل کا آغاز ہوگا۔





