اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے قومی کھیلوں کے فروغ کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو 82 لاکھ روپے کے کیش انعامات اور ملک بھر کی اسپورٹس فیڈریشنز کو مجموعی طور پر 6 کروڑ 39 لاکھ روپے کی سالانہ و خصوصی گرانٹس جاری کر دی ہیں۔
اس حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد بدھ کے روز کیا گیا، جس میں عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان، وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی اور ڈی جی پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ نے شرکت کی۔
تقریب میں دنیا کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 36 قومی کھلاڑیوں کو کیش ایوارڈز سے نوازا گیا۔ نیزہ بازی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم کو 20 لاکھ روپے جبکہ ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو 6 لاکھ روپے دیے گئے۔ اس کے علاوہ اسنوکر اور دیگر کھیلوں میں کامیاب کھلاڑیوں کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔
احسن رمضان کو انڈر 21 سنوکر چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر 5 لاکھ روپے، محمد آصف کو ایس اے اے آر سی اسنوکر میں گولڈ میڈل پر 5 لاکھ روپے اور محمد نسیم اختر کو برانز میڈل پر 1 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔
تقریب میں کھیلوں کی مختلف فیڈریشنز کو سالانہ اور خصوصی گرانٹس کے چیک بھی تقسیم کیے گئے۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کو 1 کروڑ روپے، پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کو 50 لاکھ روپے، پاکستان کراٹے فیڈریشن کو 30 لاکھ روپے، پاکستان اسکواش فیڈریشن کو 50 لاکھ روپے جبکہ پاکستان والی بال فیڈریشن کو بھی 50 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی۔
اس کے علاوہ پاکستان بیڈمنٹن، باڈی بلڈنگ، جُوڈو، جو جِتسو، کبڈی، ریسلنگ، رگبی، ووشو، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، ٹینس، اور دیگر کئی فیڈریشنز کو بھی مالی امداد فراہم کی گئی۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے مجموعی طور پر 3 کروڑ 29 لاکھ روپے سالانہ گرانٹس اور 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹس تقسیم کی گئیں، جن کا مقصد کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہے۔





