رواں ہفتے طوفانی بارشوں اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ، الرٹ جاری

ملک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

اسلام آباد :ملک میں شدید بارشوں کی متوقع لہر کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، چترال، ہنزہ اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے، جس سے شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

اتھارٹی نے خاص طور پر دریائے جہلم اور اس کے معاون ندی نالوں میں اچانک طغیانی کے خطرے سے خبردار کیا ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی دریائے ہنزہ اور دیگر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید برآںآواران، خضدار، جھل مگسی اور قلعہ سیف اللہ جیسے علاقوں میں بھی شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، اداروں اور عوام کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top