کراچی :پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر امریکا کی میجر لیگ کرکٹ (MLC) سے باہر ہو گئے ہیں۔
ان کی ٹیم سان فرانسسکو یونیکارنز نے تصدیق کی ہے کہ انجری کے باعث وہ لیگ کے باقی ماندہ میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
سان فرانسسکو یونیکارنز نے اعلان کیا ہے کہ حارث رؤف کی جگہ نیوزی لینڈ کے بولر بین لسٹر کو متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
حارث رؤف نے میجر لیگ کرکٹ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیںاور وہ ٹیم کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔
تاہم اب انجری کے باعث ان کی رواں ماہ بنگلادیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ فوری طور پر ان کی پاکستان ٹیم میں واپسی کے امکانات کم نظر آ رہے ہیں، اور وہ کم از کم بنگلادیش کے خلاف سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 8 جولائی سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، جس کے بعد ٹیم 16 جولائی کو بنگلادیش روانہ ہوگی۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریزکا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔





