خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے حکومت پنجاب اور شریف خاندان پر سنگین مالی الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے عوام کا پیسہ لندن منتقل کیا جا رہا ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ وئب سائٹ)کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب حکومت 10 کھرب روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا کوئی تسلی بخش جواب دینے سے قاصر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آڈٹ رپورٹ پر حکومتی خاموشی خود پنجاب میں ہونے والی مبینہ لوٹ مار اور کرپشن کا واضح ثبوت ہے۔
بیرسٹر سیف نے الزام عائد کیا کہ پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے بجائے منصوبے کمیشن کے حصول کے لیے شروع کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق صرف آڈٹ رپورٹ میں سامنے آنے والا 10 کھرب روپے کا اسکینڈل کرپشن کی ایک مثال ہے، جبکہ باقی بے ضابطگیاں اس کے علاوہ ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان سنگین الزامات پر فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ حقائق عوام کے سامنے آسکیں۔
دوسری جانب، تاحال شریف خاندان یا پنجاب حکومت کی جانب سے ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔





