پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر منظر عام پر آ گئے، جب پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) کے مطابق، یہ دعویٰ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں دائر کیا گیا ہے، جس میں وقاص اکرم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے خلاف جھوٹے اور توہین آمیز الزامات لگائے، جس سے ان کی ساکھ اور عوامی وقار کو شدید نقصان پہنچا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ وہ ایک باعزت شہری اور قومی اسمبلی میں عوام کا منتخب نمائندہ ہیں، اور فواد چوہدری کی بے بنیاد بیان بازی سے ان کی ساکھ مجروح ہوئی ہے۔
عدالت میں کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج سہیل شیخ نے کی، جنہوں نے ابتدائی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔
پارٹی کے ان دو اہم رہنماؤں کے درمیان یہ قانونی جنگ نہ صرف پی ٹی آئی کے داخلی خلفشار کو نمایاں کرتی ہے بلکہ آنے والے دنوں میں پارٹی کی اندرونی صف بندی پر بھی اثر ڈال سکتی ہے۔





