پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں لاہور جانے والا قافلہ مکمل طور پر پرامن تھا، جس کا مقصد پنجاب کو سیاسی طور پر بیدار کرنا اور پارٹی کا پیغام عوام تک پہنچانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں اور ہر رکاوٹ کے باوجود ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ’’چاہے حکومت جتنا بھی زور لگا لے، عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔’’انہوں نے مزید کہا کہ قافلے کے راستے میں مختلف شہروں میں عوام کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، جو عوامی محبت کا واضح ثبوت ہے۔‘‘
شوکت یوسفزئی کے مطابق لاہور کا یہ سفر ایک سیاسی پیغام ہے اور ’’پنجاب کو جگانے‘‘ کی مہم کا آغاز ہے۔’’آپ نے دیکھا کہ جگہ جگہ لوگ سڑکوں پر آئے، قافلے کا خیر مقدم کیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام سیاست میں دلچسپی رکھتے ہیں اور عمران خان کا ساتھ دینا چاہتے ہیں۔‘‘
انہوں نے پولیس کی جانب سے بعض افراد کی گرفتاری کو ’’حکومت کی فسطائیت‘‘قرار دیا اور کہا کہ’’ایک طرف عوام پھول برسا رہے ہیں، دوسری طرف حکومت گرفتاریوں پر اتری ہوئی ہے، یہ رویہ ناقابلِ قبول ہے۔’’شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لاہور جانے والے قافلے کا مقصد کسی قسم کی محاذ آرائی نہیں بلکہ صرف سیاسی شعور کی بیداری اور جمہوری حق کا استعمال تھا۔‘‘





