پوری پی ٹی آئی کچھ نہیں کرسکی تو بانی پی ٹی آئی کے بچے کیا کرلیں گے؟ طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پوری پی ٹی آئی حکومت گرانے یا سیاسی دباؤ ڈالنے میں ناکام رہی تو بانی پی ٹی آئی کے بچے بھی کچھ نہیں کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ اور قانون کے دائرے میں حل ہوں گے۔

نجی ٹی وی (جیو نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اگر عمران خان کے بچے پاکستان آنا چاہتے ہیں اور انہیں ویزا درکار ہے، تو حکومت 24 گھنٹوں کے اندر ویزا جاری کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ پرامن احتجاج کا حصہ بنتے ہیں تو اس میں کوئی قباحت نہیں، لیکن ملک میں افراتفری یا انتشار کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ’’اگر پوری پی ٹی آئی 9 مئی جیسے واقعات کے باوجود کچھ حاصل نہیں کر سکی، تو بانی پی ٹی آئی کے بچے آ کر کیا مختلف کر لیں گے؟‘‘

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نیاز اللہ نیازی نے طلال چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو جن لاکھوں عوام نے ووٹ دیا، وہی اس تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کسی ڈیل یا سمجھوتے پر یقین نہیں رکھتے اور اصولی سیاست کے راستے پر قائم ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمران خان کے بیٹے پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم ان کی آمد کی حتمی تاریخ کے بارے میں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

Scroll to Top