پارٹی کے لیڈر بانی پی ٹی آئی ہیں شاہ محمود قریشی نہیں: سلمان اکرم راجا

پارٹی کے لیڈر بانی پی ٹی آئی ہیں شاہ محمود قریشی نہیں: سلمان اکرم راجا

تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وکیل بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ پارٹی کی قیادت صرف بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے، شاہ محمود قریشی کو لیڈر قرار دینا محض ایک مفروضہ ہے۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف اس وقت 8 سے 9 مقدمات زیرِ سماعت ہیں اور وہ مزید کئی کیسز میں بھی گرفتار ہیں۔ ایسی صورتحال میں اُن کی پارٹی قیادت سنبھالنے کی بات حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتی۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کا عہدہ اپنی جگہ قائم ہے، تاہم قیادت کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے شکایت کی کہ وہ صبح 10 بجے سے جیل کے باہر موجود ہیں لیکن انہیں اب تک اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی، حالانکہ آج توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود وکلاء اور اہلِ خانہ کو سماعت میں شامل ہونے سے روکا جا رہا ہے، جو آئین اور قانونی تقاضوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’آئین کہتا ہے کہ ٹرائل اوپن ہونا چاہیے، لیکن یہاں وکلاء کو باہر بٹھا کر اندر بند کمرے میں کارروائی چلائی جا رہی ہے۔ یہ نہ صرف آئینی خلاف ورزی ہے بلکہ اس ٹرائل کو کالعدم قرار دینا چاہیے۔‘‘

سلمان اکرم راجا نے موجودہ عدالتی عمل کو آئین کی ’’دھجیاں اڑانے‘‘ کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ یہ صورتحال انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔

Scroll to Top