سکیورٹی فورسز کی ضلع مستونگ میں کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 3 دہشتگرد ہلاک، میجر اور سپاہی شہید

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر سمیت 2 جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آپریشن کیا، کارروائی فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد جہنم واصل ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں خوشاب سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ بہادر افسر میجر زیاد سلیم اور جہلم کے بہادر فرزند سپاہی ناظم حسین بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک سے انڈین سپانسرڈ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں،ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

Scroll to Top