خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات اور سیاحوں کیلئے ایڈوائرزی جاری

خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات اور سیاحوں کیلئے ایڈوائرزی جاری

خیبرپختونخوا حکومت نے سیاحتی مقامات پر ممکنہ فلیش فلڈز کے خدشے کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ محکمہ سیاحت کے مطابق 21 سے 29 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے باعث بعض علاقوں میں اچانک سیلاب (فلیش فلڈز) کا خطرہ موجود ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کیمطابق محکمہ سیاحت نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان دنوں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی سیاحتی مقام پر روانگی سے قبل ہیلپ لائن 1422 پر کال کر کے صورتحال کی معلومات حاصل کریں۔

سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں کے کناروں اور خطرناک پہاڑی راستوں سے دور رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، لیکن احتیاط ہی بہتر ہے۔

ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا کہ گزشتہ روز کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے 500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کیا۔ واقعہ جھیل سیف الملوک روڈ پر پیش آیا، جہاں کلاؤڈ برسٹ کے بعد مٹی کا تودہ گرنے سے سڑک بند ہو گئی تھی۔

محکمہ سیاحت نے ہوٹل مالکان اور مقامی رہائشیوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ سیاحوں کو موسم کی صورتحال سے آگاہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں مقامی حکام سے فوری رابطہ کریں۔

سیاحوں کے لیے احتیاطی تدابیر:
سیاحتی مقام پر روانگی سے قبل 1422 پر کال کریں
بارش یا طغیانی کے دوران سفر سے گریز کریں
دریا کے کنارے خیمہ نہ لگائیں یا تصاویر نہ بنائیں
مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں

محکمہ سیاحت نے کہا ہے کہ سیاحوں کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں تمام ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

Scroll to Top