نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہیں، ان کی رہائی کے لیے حکومت نے ہر ممکن کوششیں کیں۔ یہ تاثر سراسر غلط ہے کہ حکومت نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کی۔
نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے سفارتی، قانونی اور انسانی حقوق کے تمام فورمز پر آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے، ہم خاموش نہیں بیٹھے، عافیہ صدیقی کے لیے ہم نے سرتوڑ اقدامات کیے ہیں۔‘‘
نائب وزیراعظم نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد ایک مشکل مگر ناگزیر فیصلہ تھا، اگر پی ٹی آئی حکومت مزید چھ ماہ اقتدار میں رہتی تو ملک یقینی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کی سنجیدہ پالیسیوں کی بدولت آج پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے باہر نکل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں معاشی میدان میں مثبت اشاریے سامنے آئے ہیں، جبکہ عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار کے مطابق حکومت کی ترجیح ہے کہ پاکستان کو دنیا کی 20 بڑی معیشتوں (جی 20) میں شامل کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی معیشت کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت معاشی ترقی، سیاسی استحکام اور سفارتی متحرکیت کے ساتھ پاکستان کو دنیا میں ایک باوقار مقام دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔




