اسلا م آباد: جماعت اسلامی پاکستان کے قد آور رہنما، ممتاز عالمِ دین اور سابق نائب امیر حافظ محمد ادریس طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔
مرحوم چند ہفتوں سے شدید علیل تھے اور ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ ان کی نمازِ جنازہ آج شب نمازِ عشاء کے بعد مرکزی دفتر منصورہ میں ادا کی جائے گی۔
حافظ محمد ادریس کے انتقال پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی، سیاسی اور تحریکی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
اس کے علاوہ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، فرید پراچہ اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے بھی ان کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
حافظ ادریس کا شمار جماعت اسلامی کی جید اور انتہائی باوقار شخصیات میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی دعوت و اقامتِ دین کی سربلندی اور اسلامی نظریات کی ترویج کے لیے وقف کر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ایبٹ آباد بورڈ نے گیارہویں جماعت کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا
وہ طویل عرصے تک جماعت اسلامی کے نائب امیر کے کلیدی عہدے پر فائز رہے، جبکہ اس کے علاوہ انہوں نے مرکزی سیکرٹری جنرل اور صوبہ پنجاب کے امیر کی حیثیت سے بھی تنظیمی ذمہ داریاں نہایت احسن طریقے سے نبھائیں۔
جوانی کے ایام میں اسلامی جمعیت طلبہ کے فعال رکن رہنے والے حافظ محمد ادریس ایک شعلہ بیان مقرر، مایہ ناز مصنف اور عالمی سطح پر معروف عالمِ دین تھے۔
انہوں نے قرآن پاک، احادیثِ مبارکہ اور سیرتِ طیبہ کے موضوعات پر گراں قدر کتابیں تحریر کیں۔ ان کے فکری خطبات اور علمی بیانات نے لاکھوں نوجوانوں کی اخلاقی و فکری تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کی رحلت کو جماعت اسلامی اور دینی حلقوں میں ایک ایسا عظیم خلا قرار دیا جا رہا ہے جسے پُر کرنا آسان نہیں ہوگا۔





