چلاس (شاہد جان): بابو سر ٹاپ سے نجی ٹی وی خیبر نیوز کی معروف اینکر پرسن شبانہ لیاقت عرف سپنا لیاقت اپنے شوہر اور دیگر سیاحوں سمیت گلگت کے قریب بابوسر ٹاپ کے علاقے میں لاپتہ ہو گئی ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق وہ چند روز قبل سیر و تفریح کے لیے شمالی علاقہ جات گئی تھیں اور اس کے بعد سے ان کا رابطہ منقطع ہے۔
مقامی افراد کا دعویٰ ہے کہ اینکر پرسن سپنا لیاقت کے بیٹے ایمل خان کا پرس حادثے کے مقام سے ملبے میں سے برآمد ہوا ہے، جس میں والدین کے شناختی کارڈز بھی موجود تھے۔
ایک نوجوان نے ایمل خان کے پرس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جسے سینکڑوں صارفین نے دیکھا اور شیئر کیا ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ 10 سے 15 سیاح بابوسر ٹاپ کے قریب آنے والے اچانک سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آ کر بہہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : چلاس، تھک بھاشہ میں سیلابی ملبے سے انسانی جسم کے اعضا برآمد
ترجمان کا کہنا ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے اور ریسکیو ٹیمیں سراغ رساں کتوں کی مدد سے ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔
ریسکیو کارروائیوں میں مقامی رضاکار بھی شامل ہیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کو معلومات کی فراہمی کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے۔





