پشاور: خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اطلاعات آصف اقبال داودزئی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کی قیادت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے پارٹی کو ایسی انتہاپسندانہ سوچ دی جس میں باقی تمام جماعتوں کو کرپٹ جبکہ پی ٹی آئی کو واحد پاک صاف قوت قرار دیا جاتا ہے۔
پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے آصف اقبال داودزئی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے عمران خان نے پی ٹی آئی کو ایک ایسی سوچ دی ہے کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں کرپٹ ہیں، کوئی بھی پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں، اور صرف ہم ہی پاک صاف ہیں۔
لیکن دنیا نے دیکھ لیا کہ انہوں نے صوبے کے ساتھ کیا کیا؟ اربوں روپے کی کرپشن کی گئی۔
انہوں نے موجودہ خیبرپختونخوا حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صوبے میں امن و امان کی بحالی وزیراعلیٰ کی آئینی ذمہ داری ہے، مگر وہ مسلسل اسلام آباد پر الزامات عائد کرنے میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : وہ راز جو حکومت چھپانا چاہتی ہے، علیمہ خان نے بے نقاب کر دیا
> سوال یہ ہے کہ کب ہمارے وزیراعلیٰ اسلام آباد پر الزام تراشی کے بجائے اپنے صوبے کے حقیقی مسائل پر توجہ دیں گے؟
کب وہ اپنے اراکینِ اسمبلی کا جرگہ بنا کر خود اس کی قیادت کرتے ہوئے وزیراعظم سے دوٹوک بات کریں گے؟ اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو پھر یہ سمجھا جائے گا کہ وہ خود اس معاملے میں سنجیدہ نہیں۔





