صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر اور سابق وزیراعظم سردار عبدالقیوم خان نیازی کو 9 مئی کے مقدمے میں آزاد کشمیر پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے سردار عبدالقیوم خان نیازی کو جنڈی چونترہ کے مقام پر حراست میں لیا جب وہ سماہنی سے جلسے کے لیے بھمبر جا رہے تھے جس کے بعد انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
سردار عبدالقیوم خان نیازی کی گرفتاری کے موقع پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد ان کے ہمراہ موجود تھی جنہوں نے گرفتاری پر شدید نعرے بازی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب میرپور میں بھی پولیس نے سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا تاہم وہ وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے، قریبی عزیز نے تصدیق کی ہے کہ قیوم نیازی کو سماہنی سے آزاد کشمیر پولیس نے گرفتار کیا۔
سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف 9 مئی کے واقعے کے تحت مقدمہ درج تھا جس میں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے خلاف نو مئی مقدمات کا ایک اور بڑا فیصلہ آگیا
تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مقامی رہنماؤں نے گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا۔





