وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کیلئے 31 اگست کو چین روانہ ہوں گے

وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس میں شرکت کیلئے 31 اگست کو چین روانہ ہوں گے

وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست کو چین روانہ ہوں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس اہم دورے کے دوران پاکستان 4 ستمبر کو بیجنگ میں اپنی پہلی B2B (بزنس ٹو بزنس) انویسٹمنٹ کانفرنس منعقد کرے گا، جس کا مقصد چین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے روشناس کرانا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) کے مطابق، یہ کانفرنس پاکستانی سفارتخانے اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مشترکہ میزبانی میں منعقد کی جائے گی، جو پاک-چین اقتصادی شراکت داری کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم آفس کی ہدایت پر تمام صوبوں سے سرمایہ کاری منصوبے طلب کر لیے گئے ہیں، جن میں ٹیکسٹائل، زراعت (ایگریکلچر)، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارما، آئرن اینڈ اسٹیل، کیمیکل اور پاور اسٹوریج کے شعبے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا ابتدائی جائزہ وزیراعظم خود ایک بریفنگ سیشن میں لیں گے۔

اس حوالے سے چیف سیکرٹریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ منصوبوں کے اسکوپ، ممکنہ سرمایہ کاری اور مالیاتی تخمینوں پر مکمل بریفنگ فراہم کریں۔ توقع ہے کہ ان منصوبوں کو بیجنگ میں ممکنہ سرمایہ کاروں کے سامنے پیش کیا جائے گا تاکہ پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر روابط تیز کر دیے ہیں۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا کہ B2B فارمیٹ میں اس سطح کی سرمایہ کاری کانفرنس چین میں منعقد کی جا رہی ہے۔

بیجنگ میں ہونے والی یہ کانفرنس دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات میں ایک نیا باب ثابت ہو سکتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس موقع پر پاکستان کی آٹھ بڑی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ صنعتی ترقی کو بھی رفتار ملے گی۔

Scroll to Top