پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ شیر افضل مروت تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں۔ ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب پارٹی کے اندر مروت کی ممکنہ واپسی سے متعلق مشاورت کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق حالیہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ شیر افضل کا مؤقف بھی سنا جانا چاہیے، جبکہ اسد قیصر، شہریار آفریدی اور نثار جٹ نے ان کی واپسی کی حمایت کی۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر پارٹی کے اندر سے ان پر تنقید یا الزامات آئیں گے تو وہ جواب دینے پر مجبور ہوں گے۔ تاہم اجلاس میں موجود ارکان نے ان سے کہا کہ وہ فی الحال خاموشی اختیار کریں تاکہ معاملات مزید نہ بگڑیں۔
پارٹی کے اندر جاری ان مشاورتوں کے برعکس، سلمان اکرم راجہ نے واضح طور پر اعلان کیا کہ’’شیر افضل مروت تحریک انصاف کے رکن نہیں ہیں، اور پارٹی کے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘یہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پارٹی قیادت کی سطح پر شیر افضل مروت کی واپسی کو فی الحال قبول نہیں کیا گیا۔





