خیبرپختونخوا حکومت نے موجودہ بلدیاتی حکومتوں کی مدت میں توسیع نہ کرنے اور نئے بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق ان انتخابات کا انعقاد دیگر صوبوں خصوصاً پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے مشروط کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کے مطابق حکومت کے پاس بلدیاتی حکومتوں کی مدت میں توسیع کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
’’اگر پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کراتی ہے، تو خیبرپختونخوا میں بھی بروقت انتخابات کرائے جائیں گے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ تاحال پنجاب میں بلدیاتی ادارے فعال نہیں ہیں، اس لیے خیبرپختونخوا کی حکومت بھی اس فیصلے سے جڑی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
ادھر بلدیاتی نمائندوں کی تنظیم لوکل کونسل ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت پر بلدیاتی انتخابات نہ کرائے گئے، تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین حمایت اللہ مایار نے کہا’’آئین کے مطابق، جس دن بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھایا، اسی دن سے ان کی آئینی مدت کا آغاز ہوتا ہے۔ حکومت کو انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنانا ہوگا۔‘‘
کوآرڈینیٹر انتظار خلیل نے بھی شکایت کی کہ بلدیاتی نمائندوں کو نہ تو ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے اور نہ ہی انہیں بااختیار بنایا گیا، جس سے عوامی خدمت متاثر ہوئی۔ ان کے مطابق حکومت سے بارہا مطالبہ کیا گیا ہے کہ موجودہ بلدیاتی حکومتوں کی مدت میں توسیع کی جائے، اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مذاکرات بھی جاری ہیں۔





