خار(عباس خان )باجوڑ میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا کی منظوری سے کرفیو میں مزید 24 گھنٹوں کی توسیع کر دی ہے۔
کرفیو کا اطلاق آج رات ایک بجے سے ہوگا اور یہ اگلے چوبیس گھنٹے تک نافذ رہے گا۔
انتظامیہ کے مطابق خار منڈا روڈ، خار ناوگئی روڈ، خار صدیق آباد روڈ اور عنایت قلعہ روڈ پر نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔
دوسری جانب تحصیل ماموند کے 27 علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے پیش نظر پہلے ہی 14 اگست تک مکمل کرفیو نافذ ہے۔
کرفیو کے باعث کل بھی باجوڑ کے تمام بڑے تجارتی مراکز بند رہیں گے۔
تاجر برادری کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات اپنی جگہ لیکن مسلسل بندش سے معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔





