مسلح افواج اور عوام کا اٹوٹ رشتہ اجتماعی قوت کا بنیادی ستون ہے، عسکری قیادت کا 78ویں یومِ آزادی پر پیغام

مسلح افواج اور عوام کا اٹوٹ رشتہ اجتماعی قوت کا بنیادی ستون ہے، عسکری قیادت کا 78ویں یومِ آزادی پر پیغام

78ویں یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر مسلح افواج پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحاد، یکجہتی، استقامت اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ’’یومِ آزادی کا دن ہماری قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے جو بانیانِ پاکستان کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور غیر متزلزل ایمان کا مظہر ہے۔ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ایک آزاد، خودمختار اور باوقار ریاست کے لیے ہمارے بزرگوں نے کن کٹھن مراحل سے گزر کر یہ وطن حاصل کیا۔عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں اس امر پر زور دیا کہ مسلح افواج اور عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہی پاکستان کی اجتماعی طاقت کی بنیاد ہے۔

’’یہی رشتہ ہماری قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے۔ پاک فوج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، آئین کی پاسداری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے ہر دم چوکس اور پرعزم ہے۔‘‘

عسکری قیادت نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن جانبازوں، قائدین، علماء اور سپاہیوں کو بھی یاد کیا جنہوں نے تحریک پاکستان اور قیامِ پاکستان کے بعد وطن کے دفاع میں اپنا کردار ادا کیا۔

’’یہ قربانیاں آج بھی ہمارے لیے روشنی کا مینار ہیں اور ہماری راہنمائی کرتی ہیں۔‘‘ہم یومِ آزادی کے اس مبارک موقع پر اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ قومی ترقی، استحکام، اور پرامن پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ممکن کاوش جاری رکھیں گے۔ ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے کے ساتھ ہم ایک خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی طرف گامزن رہیں گے۔‘‘

مسلح افواجِ پاکستان کا یہ پیغام اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ عوام اور فوج کا اتحاد ہی وہ طاقت ہے جو پاکستان کو ہر آزمائش میں سرخرو کرتی ہے۔ 78واں یومِ آزادی ایک ایسا موقع ہے جب پوری قوم ایک بار پھر اس عزم کی تجدید کرے کہ ہم سب مل کر ایک روشن، پرامن اور باوقار پاکستان کی تعمیر کریں گے۔

Scroll to Top