آج کا دن صرف جشن منانے کا نہیں ذمہ داریوں کا احساس بھی دلاتا ہے، شاہد آفریدی

پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملک کے نامور کھلاڑیوں اور فنکاروں نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے قومی اتحاد، ذمہ داری اور قربانی کے جذبے کو اجاگر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یومِ آزادی محض خوشی کا موقع نہیں بلکہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا’’آج کا دن صرف جشن منانے کا نہیں، بلکہ ہمیں اُن عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کا دن ہے جن کی بدولت ہمیں آزادی نصیب ہوئی۔’’انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ ملک کی بہتری، خدمت اور ترقی کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں۔

سابق کپتان سرفراز احمد نے قوم کو 14 اگست کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا’’اللہ تعالیٰ نے ہمیں معرکہ حق میں فتح دی، اس کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ہمیشہ امن اور یکجہتی کی بات کرتا ہے۔’’سرفراز احمد نے آخر میں پاکستان پائندہ باد اور افواجِ پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ قوم کے حوصلے بلند کیے۔

نامور فنکار اور گلوکار فخر عالم نے کہا کہ’’اس سال ہم صرف یومِ آزادی نہیں، بلکہ دشمن کے خلاف حق کی جیت کا بھی جشن منا رہے ہیں۔’’انہوں نے مزید کہاجب بھی وطن پر کڑا وقت آیا، پوری قوم نے متحد ہو کر اس کا مقابلہ کیا۔ ہمارے ملی نغموں کی گونج آج سرحد پار سنائی دینی چاہیے۔ دشمن جب بھی ہمیں آزمانے کی کوشش کرے گا، منہ کی کھائے گا۔‘‘

ملک کے ان معتبر چہروں کا قوم کے لیے پیغام واضح ہے آزادی کا جشن صرف سبز پرچم لہرانے یا نغمے گانے سے مکمل نہیں ہوتا، بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے، اتحاد کو برقرار رکھنے اور ملک کی خدمت کا عہد کرنے سے ہی یہ دن حقیقی معنوں میں منایا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top