وزیراعظم خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر میں امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کر رہے ہیں،عطا تارڑ

مہوش قماس خان

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت جاری کی ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری اور بھرپور امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جائیں۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم سیلابی صورتحال سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور وہ خود امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعظم اب تک تین مرتبہ این ڈی ایم اے کا دورہ کر چکے ہیں تاکہ ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا ازخود جائزہ لے سکیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے، جو این ڈی ایم اے سے چوبیس گھنٹے رابطے میں ہے اور تمام تر صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں تمام ادارے بھرپور وسائل کے ساتھ شریک ہیں۔ اس وقت صوبے کے مختلف علاقوں میں چالیس سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح انسانی جانوں کو بچانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے کا پیشگی آگاہی کا نظام فعال ہے اور اس کے ذریعے تمام صوبائی حکومتوں کو بروقت اطلاعات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ادارے کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر چوبیس گھنٹے متحرک ہے اور حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کا فوکس مکمل طور پر ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں پر ہے اور وزیراعظم ہر مرحلے پر صورتحال کا از خود جائزہ لے رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے قبل از وقت نمٹا جا سکے۔

Scroll to Top