وزیراعظم کا خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال پر گورنر اور وزیراعلیٰ سے رابطہ، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور تباہ کن سیلابی صورتحال کے پیش نظر گورنرفیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، اور متاثرہ علاقوں میں ہر ممکن امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق سیلابی تباہ کاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس کی صدارت وزیراعظم نے خود کی۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے NDMA کو ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف کی کارروائیوں میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔

انہوں نے ہدایت دی کہ سیلاب میں پھنسے افراد اور سیاحوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور راشن، ادویات، خیمے و دیگر امدادی سامان فوری ٹرکوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جائے۔

وزیراعظم نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن وسائل متاثرین کی مدد کے لیے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں صورتحال کے پیش نظر وفاقی حکومت نے 16 اور 17 اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی “معرکۂ حق” اور “یومِ آزادی” کی تقریبات ملتوی کر دی ہیں۔

ترجمان وزارت اطلاعات کے مطابق وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی ہدایت پر یہ فیصلہ متاثرہ افراد سے اظہارِ یکجہتی اور ریلیف سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم کو متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، اور قومی تقریبات بعد میں مزید جوش و خروش سے منائی جائیں گی۔

Scroll to Top