لاہور/پشاور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب اور قدرتی آفات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق مریم نواز نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے عملے کے ارکان کو تعزیت پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کی مدد کے لیے دستیاب ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور خیبرپختونخوا کے عوام کی مدد کی یقین دہانی پر بھی قدر دانی کا اظہار کیا۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ اب تک 200 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ متعدد زخمی اور لاپتا ہیں۔
صرف بونیر میں سیلاب سے 150 سے زائد افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہیں۔ شدید سیلابی ریلے کئی گاؤں بہا لے گئے، مکینوں کے گھروں کو نقصان پہنچا، جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں۔ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ مانسہرہ کے گاؤں ڈھیری حلیم میں سیلابی ریلے میں بہنے والے 16 افراد کی لاشیں بٹگرام سے بازیاب کر لی گئیں۔ بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فوج نے سیلاب متاثرین کے لیے ایک دن کا راشن اور تنخواہ وقف کر دی
باجوڑ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے روانہ ہونے والا خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 افراد شہید ہوگئے ہیں۔
یہ صورتحال خیبرپختونخوا اور آس پاس کے علاقوں میں ایک سنگین انسانی بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی سرگرمیاں تیز کر رہی ہیں۔





