وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور یہ وقت الزام تراشیوں کا نہیں بلکہ متاثرین کی مدد کرنے کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے شانگلہ میں سیلاب کے باعث اب تک 38 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جس پر انہیں گہرا دکھ اور افسوس ہے۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں نیٹ ورک مسائل کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جنہیں فوری طور پر حل کرنے کے لیے چیئرمین پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں تباہ کن بارشیں اور سیلاب، اموات 300 سے تجاوز کر گئیں
امیر مقام نے مزید کہا کہ الزام تراشیوں پر صرف افسوس ہی کیا جا سکتا ہے لیکن اس وقت اصل ضرورت متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی ہے۔





