قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے خوشخبری، محسن نقوی کا بڑا اعلان

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے 10 لاکھ روپے فی کس انعام کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا، جہاں قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے محسن نقوی سے ملاقات کی اور انہیں نشانِ امتیازملنے پر مبارک باد دی۔

ملاقات میں عماد بٹ نے ہاکی کے کھیل کی بحالی، پرو ہاکی لیگ میں شرکت اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے ہاکی کھلاڑیوں کو درپیش میڈیکل، فٹنس اور ویزا مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہاکی پلیئرز کے میڈیکل اور فٹنس کیسز کو پی سی بی کی پیشہ ورانہ میڈیکل ٹیم ہینڈل کرے گی۔

ویزہ مسائل حل کرنے کے لیے لاجسٹک ٹیم مکمل سہولیات فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی قوم عطیات میں نمایاں، خدمتِ انسانیت ہماری پہچان ہے، وزیراعظم شہباز شریف

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی ٹیم کا پرو ہاکی لیگ کے لیے کوالیفائی کرنا اعزاز ہے، اور ان کی شرکت یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہےاور اس کی بحالی کے لیے پی سی بی ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گا۔

Scroll to Top