اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے انسانیت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن خدمتِ انسانیت کے جذبے کی تجدید کا دن ہے، جو پاکستان کی سماجی اور معاشرتی اقدار کا قیمتی اثاثہ ہے۔
وزیراعظم نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں رضاکاروں کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ افراد ہمت، بہادری اور عزم کی علامت ہیں، اور ان کی قربانیاں ہر سطح پر قابلِ ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین، بزرگوں اور بچوں کی حفاظت معاشرے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، اور اس جذبے کو فروغ دینا قومی فریضہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جنوبی تعاون ضروری ہے، یوسف رضا گیلانی
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو عطیات دینے میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، جو پاکستانی قوم کے ایثار و قربانی کے جذبے کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت شہریوں کے حقوق اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی۔





