اہم ملاقات کا دوسرا دور، روس اور یوکرین کے صدور جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں، امریکی صدر

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرینی صدر اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات کے دوسرے دور کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں جاری مذاکرات کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمانوں سے عمدہ اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی، اور ہم پرامید ہیں کہ روس اور یوکرین کے صدور جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ آج دنیا کے 9 اہم ترین رہنما واشنگٹن میں موجود تھے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ امریکا، روس اور یوکرین مل کر آگے بڑھیں اور امن قائم کریں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران یوکرین کے لیے یورپی ممالک کی سیکیورٹی ضمانتوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جسے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی منظور کرلیا ہے۔ فریقین روس-یوکرین امن کے امکانات پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

مذاکرات کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے روسی صدر پیوٹن سے فون پر رابطہ کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ جلد ہی روس اور یوکرین کے صدور کے درمیان براہِ راست ملاقات ہوگی، جس کے بعد ایک سہ فریقی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔

Scroll to Top