پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر کے اسکولوں میں کرکٹ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
پروگرام کے تحت 39 اضلاع کے 400 سے زائد اسکولز میں پی سی بی کے 60 سے زائد کوچز ٹرائلز لیں گے، جس کے بعد اسکولوں کے درمیان 40 اوورز فی اننگز کا ایک بڑا ون ڈے ٹورنامنٹ شروع ہوگا۔
اس ٹورنامنٹ میں شامل 100 بہترین ٹیمیں ویک اینڈ اسکولز لیگ میں حصہ لیں گی، جس کی چیمپئن ٹیم کو بیرون ملک دورے کا موقع بھی دیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق اس پروگرام کے ٹاپ پرفارمرز کو انڈر 15 اور انڈر 17 ٹورنامنٹس میں بھی شامل کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے بتایا کہ اسکولز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی مکمل فنڈنگ پی سی بی کرے گا اور اس سے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کرکٹ کھیلنے کا بھی موقع ملے گا۔
علاوہ ازیں پی سی بی ملک بھر میں 168 اسکول گراؤنڈز کو آباد کرنے کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے۔





