پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے شاہ ریز کو مسلح نقاب پوش افراد نے گھر سے زبردستی اغوا کر لیا ہے۔
علیمہ خان کا کہنا ہے کہ چار افراد سادہ لباس میں ملبوس، کچن کے راستے گھر میں داخل ہوئے۔ اس وقت شاہ ریز اپنی اہلیہ اور والد کے ساتھ گھر کے اوپری حصے میں موجود تھے۔ حملہ آوروں نے گھر کے ڈرائیورز کو بھی دھمکیاں دی اور انہیں خوفزدہ کیا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ حملہ آوروں نے دروازہ توڑ کر شاہ ریز کو بیڈروم سے گرفتار کیا۔ ان کے مطابق شاہ ریز کو اپنے دو کم عمر بچوں کی موجودگی میں تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے یہ بھی کہا کہ ایک دن قبل شاہ ریز اور ان کی اہلیہ کو لاہور ایئرپورٹ سے غیر قانونی طور پر اتارا گیا جبکہ وہ کسی سیاسی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے فوری نوٹس لینے اور شاہ ریز کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں کہا ہے کہ لاہور پولیس چیف نے اس گرفتاری کی تردید کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کے الزامات فی الحال بے بنیاد ہیں، تاہم اگر شاہ ریز کو گرفتار کیا گیا ہے تو قانون کے تحت انہیں 24 گھنٹوں کے اندر عدالت میں پیش کرنا ہوگا۔





