پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کی نئی راہیں، 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعاون کی نئی راہیں، 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے 6 اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدے ڈھاکہ میں ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران طے پائے، جن کی نگرانی پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور بنگلہ دیشی مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین نے کی۔

معاہدوں میں سفارتکاروں اور سرکاری اہلکاروں کے لیے ویزا سہولت کا معاہدہ، دونوں ممالک کی فارن سروس اکیڈمیوں کے درمیان تعاون، اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (APP) اور بنگلہ دیش سنگباد سنگستھا (BSS) کے درمیان اطلاعات کے تبادلے کی مفاہمتی یادداشت شامل ہے۔

اس کے علاوہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور بنگلہ دیش انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کے مابین تحقیقی تعاون، جبکہ پاکستان-بنگلہ دیش ٹریڈ جوائنٹ ورکنگ گروپ کی تشکیل پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات بھی ہوئے جن میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی اور تجارتی تعاون، علاقائی و عالمی چیلنجز، تعلیم، ثقافت، انسانی بنیادوں پر امداد اور استعداد کار میں اضافے جیسے امور پر غور کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں سارک فورم کی بحالی، مسئلہ فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کے بحران جیسے اہم عالمی معاملات پر بھی دونوں ممالک نے مشترکہ مؤقف اپنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے اختتام پر بنگلہ دیشی مشیر خارجہ نے پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے غیر رسمی تبادلہ خیال کیا اور مستقبل میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top