ایاز صادق کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مخیر حضرات اور نوجوانوں سے مدد کی اپیل

ایاز صادق کی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مخیر حضرات اور نوجوانوں سے مدد کی اپیل

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملک میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری مدد اور بحالی کے لیے مخیر حضرات، فلاحی اداروں اور نوجوانوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت قومی یکجہتی، ایثار اور ہمدردی کا ہے، اور پوری قوم کو متاثرہ بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ’’سیلاب متاثرین کی بحالی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔‘‘انہوں نے سول سوسائٹی، فلاحی تنظیموں اور مخیر افراد پر زور دیا کہ وہ حکومت کی امدادی کوششوں کا حصہ بنیں اور متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے میں کردار ادا کریں۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دیگر متاثرہ علاقوں میں لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہیں اور انہیں فوری خوراک، طبی امداد اور رہائش کی ضرورت ہے۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ رضاکار بن کر متاثرین کی خوراک، طبی امداد اور گھروں کی تعمیر نو میں عملی کردار ادا کریں۔’’یہ وقت صرف دعاؤں کا نہیں بلکہ عملی قدم اٹھانے کا ہے۔ ہمیں متاثرین کو احساس دلانا ہے کہ وہ اکیلے نہیں، پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قوم کو ایک مشترکہ جذبے اور بھائی چارے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ متاثرہ علاقوں میں زندگی دوبارہ معمول پر آسکے۔’’مشکل کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کا سہارا بننا ہمارا قومی فریضہ ہے۔‘‘

Scroll to Top