سلمان ہمارے وکیل اور فیملی کی طرح ہیں، اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں،علیمہ خان

سلمان ہمارے وکیل اور فیملی کی طرح ہیں، اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں،علیمہ خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سلمان اکرم راجہ کے حوالے سے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے کسی قسم کی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ نہ صرف ہمارے وکیل ہیں بلکہ ہمیں فیملی کی طرح عزیز ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کا اپنا کوئی مسئلہ ہوگا، ممکنہ طور پر وہ ضمنی انتخابات سے متعلق کسی ذاتی فیصلے پر ہیں، بہتر ہے اُن سے ہی پوچھا جائے۔

اپنے بیٹوں کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ میرے بچوں کو کیوں اٹھایا گیا۔ شاہریز خان ایک بزنس مین ہے اور اس نے اسپورٹس میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، جبکہ شیر شاہ کو بھی اگلے دن اٹھا لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہمیں ان گرفتاریوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں نے تو خود کہا ہے کہ مجھے بھی گرفتار کریں، لگتا ہے یہ ہمارے بچوں سے ڈر گئے ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بانی کا کوئی پیغام فیملی کے ذریعے دیا جاتا ہے تو وہ ان ہی کا مؤقف ہوتا ہے۔

اس موقع پر عظمیٰ خان نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب کے حوالے سے اگر کوئی تنازع ہے تو پارٹی قیادت ہی فیصلہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’جب ہماری بانی سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے واضح کہا تھا کہ ہم نے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا۔‘‘

عظمیٰ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا مؤقف تھا کہ انتخابات میں جانے سے پارٹی کو فائدے کے بجائے نقصان ہو گا اور ناجائز نااہلیوں کو قانونی جواز مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی نے پارٹی کو ہدایت دی تھی کہ انتخابی عمل کے بجائے تحریک پر توجہ دی جائے۔

Scroll to Top